یونس خان اور مصباح الحق کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے آخری اوور میں جیت حاصل کی
برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں ورلڈ آف چیمپئنز 2024 کے دوسرے میچ میں پاکستان چیمپئنز نے آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
یونس خان اور مصباح الحق نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 90 رنز کی شراکت قائم کی۔ پاکستان نے آخری اوور میں ہدف کا تعاقب کامیابی سے مکمل کیا۔
پاکستان کی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں اچھا آغاز نہیں کیا اور شروع میں ہی شرجیل خان (17) اور کامران اکمل (4) کے وکٹیں کھو دی۔
صہیب مقصود اور شعیب ملک نے جارحانہ اننگز کھیل کر ہدف کی طرف پیش قدمی کی لیکن جلدی آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد مصباح الحق اور یونس خان نے اننگز کو سنبھالا۔ یونس خان 41 گیندوں پر 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مصباح الحق 30 گیندوں پر 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہد آفریدی نے بھی 5 گیندوں پر 11 رنز کا اضافہ کیا۔
آسٹریلیا کی طرف سے بریٹ لی اور ناتھن کولٹر نائل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل، آسٹریلیا چیمپئنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 189-7 کا مجموعہ بنایا۔ شان مارش اور ایرون فنچ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان مارش 20 گیندوں پر 16 رنز بنا سکے۔
ایرون فنچ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 68 رنز بنائے، جس میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ نے ٹیم کے لیے مضبوط بنیاد رکھی۔
بین ڈنک نے بھی اہم کردار ادا کیا اور 18 گیندوں پر 27 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔
کالوم فرگوسن نے اننگز کے آخر میں اہم کردار ادا کیا اور 16 گیندوں پر 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جس میں 2 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ ناتھن کولٹر نائل نے بھی 10 گیندوں پر 25 رنز بنائے، جس میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
شعیب ملک اور شاہد آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں اور بہترین بولرز رہے۔
یاد رہے کہ مقابلے کے پہلے میچ میں انڈیا چیمپئنز نے انگلینڈ چیمپئنز کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔
No comments: