پاکستان رواں سیزن میں کن کن ٹیموں کے ساتھ سیریز کھیلے گا؟

پاکستان رواں سیزن میں کن کن ٹیموں کے ساتھ سیریز کھیلے گا؟ تفصیلات جاری


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2024-25 کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کی تفصیلات کا اعلان کردیا ہے۔ اس سیزن میں پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش، انگلینڈ، اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرنے کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی کھیلے گی۔



پاکستان کرکٹ ٹیم اس سیزن میں 3 ٹیسٹ سیریز اور چیمپئنز ٹرافی سے قبل سہ فریقی ون ڈے سیریز کھیلے گی جو 21 سال میں اس کی پہلی سہ فریقی ون ڈے سیریز ہوگی۔


ہوم انٹرنیشنل سیزن کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا جو راولپنڈی میں 21 سے 25 اگست تک اور کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔


پاکستان انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا جو ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر، کراچی میں 15 سے 19 اکتوبر اور راولپنڈی میں 24 سے 28 اکتوبر کھیلے جائیں گے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی میں 16 سے 20 جنوری اور ملتان میں 24 سے 28 جنوری کو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔


نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز ملتان میں 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی۔


بنگلہ دیش نے آخری بار پاکستان میں فروری 2020 میں ٹیسٹ کھیلا تھا جبکہ انگلینڈ نے آخری بار دسمبر 2022 میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی۔


ہوم انٹرنیشنل میچز کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا، زمبابوے، اور جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی جہاں وہ 4 نومبر سے 7 جنوری کے دوران 2 ٹیسٹ، 9 ون ڈے، اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔


اگست 2024 سے مارچ 2025 کے عرصے میں پاکستان کرکٹ ٹیم 9 ٹیسٹ، 9 ٹی ٹوئنٹی، اور 14 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ ون ڈے میچوں کی تعداد چیمپئنز ٹرافی اور سہ فریقی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی کارکردگی کی بنیاد پر بڑھ سکتی ہے۔


پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کو حتمی شکل دینا اور اس کا اعلان کرنا انتہائی اہم تھا۔ شائقین کرکٹ نہ صرف دلچسپ کرکٹ سے محظوظ ہوں گے بلکہ انہیں اس خوبصورت ملک کی سیر کرنے کا موقع بھی ملے گا جس کے پاس پیش کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل 5 کرکٹ کھیلنے والے اہم ممالک کی ٹیموں کے دورے اور ان 8 ماہ میں 12 ٹیموں کی میزبانی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی اہمیت اور قد کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ یہ میچز صرف کھیلوں کے مقابلے نہیں ہیں، یہ ہماری قوم کی کھیل سے محبت اور عزم کا ثبوت ہیں۔


محسن نقوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ برادری کا ایک اہم رکن ہے اور کھیل کے فروغ اور ترقی میں آئی سی سی اور اس کے تمام اراکین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پی سی بی اور پاکستانی کرکٹ شائقین کی جانب سے، میں اگلے 8 مہینوں میں تمام شرکاء کا خیرمقدم کرنے کا منتظر ہوں۔

No comments:

Powered by Blogger.