اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن، کرکٹ بورڈ نے خزانے کے منہ کھول دیے

 اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن، کرکٹ بورڈ نے خزانے کے منہ کھول دیے


آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے لیے پی سی بی نے 12 ارب 80 کروڑ روپے کی منظوری دے دی



لاہور: آئندہ برس پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کیلیے پی سی بی نے خزانے

 کے منہ کھول دیے، گورننگ بورڈ میٹنگ میں لاہور، کراچی اور راولپنڈی کے وینیوز کیلیے 12 ارب 80 کروڑ روپے کی 

خطیر رقم مختص کرنے کی منظوری دے دی گئی۔




تفصیلات کے مطابق 4 ماہ بعد پی سی بی گورننگ بورڈ کا 72 واں اجلاس گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا،

 صدارت چیئرمین محسن نقوی نے کی، اس موقع پر ارکان چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سجاد علی کھوکھر، ظفر

 اللہ، تنویر احمد، طارق سرور، ڈاکٹر انوار احمد خان، محمد اسماعیل قریشی، معراج محمود، اسامہ اظہر اور ڈائریکٹر

 ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی بھی موجود تھے۔

آغاز میں چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ نے بجٹ کے اہم خدوخال اور دیگر امور پر

 بریفنگ دی، بعد ازاں مالی برس 2024-25 کے بجٹ تخمینہ جات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اگلے برس پاکستان میں

 شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، ڈیولپمنٹ بجٹ سے لاہور، کراچی اور راولپنڈی

 تینوں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لیے 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران موجودہ ڈومیسٹک اسٹرکچر پر تحفظات کا اظہار کیا گیا، بہتری لانے کیلیے 4 ارب 50 کروڑ روپے کے

 فنڈز مختص کر دیے گئے، ساتھ ہی ڈومیسٹک کرکٹرز کے کنٹریکٹ میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس کے دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کیلیے 12 گراؤنڈز کی خود دیکھ بھال

 کرے گا، پاکستان بھر میں 100 گراؤنڈز کے عملے اور دیکھ بھال کیلیے فنڈز بھی بورڈ دے گا۔ ویمن کرکٹ کا بجٹ پہلی بار

 7 کروڑ روپے سے بڑھا کر 24 کروڑ روپے کرنے کے ساتھ سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی اضافے کی منظوری دی گئی۔


چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کیا جائے گا، اس

 سے شائقین کرکٹ کے لیے سہولتیں بہتر ہوں گی، ایونٹ کے لیے عالمی معیار کے مطابق انتظامات کیے جائیں گے،

 ٹورنامنٹس اور میچز کیلیے نئے وینیوز پر کام کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری

 ہے، مرکزی عمارت کو گرایا جا چکا ہے، نئی بننے والی بلڈنگ سے میچ کا قریب سے نظارہ ممکن ہوگا، نیشنل اسٹیڈیم میں

 بھی جلد کام کا آغاز ہونے والا ہے۔





No comments:

Powered by Blogger.